برلن 29مئی(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )جرمن شہر زولنگن میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کے ایک حملے میں پانچ ترک شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کو آج ٹھیک پچیس برس ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ نسل پرستی اور نفرت انگیزی کے خلاف جنگ جاری رہنی چاہیے۔ اس سلسلے میں ڈسلڈورف اور زولنگن میں دو مختلف تعزیتی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ ڈسلڈورف میں چانسلر انگیلا میرکل بھی خطاب کریں گی۔ ترک وزیر خارجہ چاوْش اولْو دونوں تقریبات میں شریک ہوں گے۔ 29 مئی 1993کو زولنگن میں نسل پرستوں نے ایک گھر پر آتش گیر مادہ پھینکا تھا، جس سے پانچ ترک شہری ہلاک ہو گئے تھے۔